270 کمپنیوں کے ساتھ پاکستان چوتھے بڑے ملک کی حیثیت سے ’ہیم ٹیکسٹائل‘ نمائش میں ایکسپورٹ بڑھانے کے مواقع تلاش کرے گا۔
پاکستان ہیم ٹیکسٹائل 2025 میں 270 سے زائد نمائش کنندگان کے ساتھ اپنی تاریخ کی سب سے بڑی شرکت کے لیے تیار ہے، یہ عالمی سطح پر سب سے بڑا ہوم ٹیکسٹائل ایونٹ 14 سے 17 جنوری تک فرینکفرٹ، جرمنی میں منعقد ہوگا، جہاں پاکستانی کمپنیاں پائیدار ٹیکسٹائل مصنوعات عالمی خریداروں کے سامنے پیش کریں گی۔
نمائش کی اہمیت اور ایکسپورٹ بڑھانے میں چھوٹی کمپنیوں کے کردار کو فروغ دینے کے لیے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستانی پویلین قائم کرے گی۔ اس سال پاکستان نے نمائش کنندگان کی تعداد میں 10 فی صد اضافے کے ساتھ چین، بھارت، اور ترکی کے بعد چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے۔
نئے وسیع ہالز 8 اور 9 میں پاکستانی نمائش کنندگان کی منتقلی سے طویل عرصے سے انتظار کرنے والی کمپنیوں کو عالمی منڈیوں میں اپنی مصنوعات پیش کرنے کا موقع ملا ہے۔ پاکستانی نمائش کنندگان اس ایونٹ میں پائیدار اور جدید ٹیکسٹائل مصنوعات پر توجہ مرکوز کریں گے، جس سے برآمدات میں اضافے کی توقع ہے۔
میسے فرینکفرٹ پاکستان کے جنرل منیجر کلیم بیگ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نئے انتظامات سے بڑھنے والے مواقع پر اعتماد کا اظہار کیا، اور امید ظاہر کی کہ سابقہ ایڈیشنز کی طرح اس سال بھی پاکستانی فرمز اپنی جدید اور ماحول دوست مصنوعات کے ساتھ عالمی خریداروں کی توجہ کا مرکز رہیں گی۔
نمائش میں پاکستان کی شرکت کو بھرپور بنانے کے لیے جرمن سفارت خانے اور قونصلیٹ نے 400 سے زائد شرکا کے لیے ویزا پراسیسنگ کو آسان بنایا، جس سے تقریباً 2200 پاکستانی پیشہ ور افراد کے اس ایونٹ میں شرکت کی راہ ہموار ہوئی۔
ہیم ٹیکسٹائل کی ڈائریکٹر، مارگیٹ ہربرتھ، پاکستانی وفد کے لیے خصوصی دورے کا اہتمام کریں گی، تاکہ ان کی خدمات کو سراہا جا سکے اور عالمی ٹیکسٹائل انڈسٹری میں ان کی بڑھتی ہوئی شراکت کو اجاگر کیا جا سکے۔
یہ تاریخی شرکت پاکستان کی عالمی ٹیکسٹائل انڈسٹری میں اہم حیثیت کو ظاہر کرتی ہے اور ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ میں پائیداری اور جدت کے لیے ملک کے عزم کو تقویت دیتی ہے۔