کچے کے ڈاکوؤں نے تھانہ ظاہر پیر کی حدود ججہ عباسیاں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں چار افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرکے دو ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق کچے کے ڈاکوؤں نے حملہ خانپور کے علاقے ججہ عباسیہ کی بستی لاشاری میں کیا، کچے کے اندھڑ گینگ نے پولیس کے مبینہ جانثار عثمان چانڈیو کے گھر پر حملہ کرکے 2بچوں سمیت 4 افراد کو قتل کیا، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
پولیس کے مطابق اندھڑگینگ کے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جاں بحق افراد میں زمان ،3بھائی سجن، مدنی اور گڈو شامل ہیں۔
ظاہر پیر پولیس کا کہنا ہے کہ ہماری اطلاعات کے مطابق کچے کے ڈاکوؤں نے اپنے سرغنہ اور دیگر ساتھیوں کے قتل کا بدلہ لیا ہے۔
پولیس کے مخبر عثمان چانڈیہ نے چند ماہ قبل انڈھڑ گینگ سے دوستی کی تھی، عثمان چانڈیہ نے فائرنگ کرکے انڈھڑ گینگ کے سرغنہ اور اس کے ساتھیوں کو قتل کیا تھا۔
عثمان چانڈیہ نے اندھڑ گینگ سے دوستی کے بعد جانو اندھڑ سمیت کئی ڈاکوؤں کو قتل کیا اور ان کی سرگرمیوں کی اطلاعات پولیس تک پہنچائی تھیں۔
جس کے بدلے میں انڈھڑ گینگ کے ڈاکوؤں نے عثمان چانڈیہ کے ایک عزیز کے گھر پر حملہ کیا، اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کا گھیراؤ کرلیا۔
ڈی پی او کے مطابق پولیس نے تعاقب کرکے دو ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا، پولیس کیلئے کام کرنے والے عثمان چانڈیہ کا خاندان محفوظ ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے ڈاکوؤں کے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے واقعے کی رپورٹ طلب کرکے ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
ظاہرپیر پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکو قریبی کماد کی فصل میں چھپے ہوسکتے ہیں، تاہم ان کی تلاش میں پولیس کا سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے جلال پور پیروالہ میں تاوان نہ دینے پر کچے کے ڈاکوؤں نے مغوی کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا، ڈاکوؤں کی جانب سے لاش واپس کرنے کیلئے 50 لاکھ ادائیگی کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔
متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ مقتول محمد شعیب کو کچھ عرصہ قبل کچے کے ڈاکوؤں نے ملتان سے اغواء کیا تھا اور 5کروڑ روپے سے زائد رقم، قیمتی موبائل فونز اور گھڑیوں کا مطالبہ کیا تھا۔