پیر, جنوری 13, 2025
اشتہار

لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی بھیانک آگ کی تازہ ترین صورت حال

اشتہار

حیرت انگیز

امریکی شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی بھیانک آگ تاحال بے قابو ہے، خبر رساں ایجنسی کے مطابق 6 روز میں 275 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔

ہزاروں ایکڑ پر پھیلی خوفناک آتش زدگی کے سبب مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 24 ہو گئی ہے، درجنوں افراد زخمی ہیں، حکام نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جب کہ متاثرہ علاقوں میں کئی افراد لاپتا ہیں، جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔

آگ کے شعلوں نے 12 ہزار عمارتوں کو جلا کر راکھ بنا دیا ہے، آگ 36 ہزار سے زائد رقبے کو لپیٹ میں لے چکی ہے، اور اب شمالی جنوب کی طرف رخ کرنے لگی ہے، آتش زدگی کو پھیلنے سے روکنے کے لیے طیاروں اور ہیلی کاپٹرز سے پانی کا چھڑکاؤ جاری ہے۔

- Advertisement -

متاثرہ علاقے سے 2 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی کر چکے ہیں، 14 ہزار فائر فائٹرز اور 1100 سے زائد فائر انجن امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، آگ بجھانے میں 80 طیارے اور 143 واٹر ٹینکرز حصہ لے رہے ہیں۔

دوسری طرف لوٹ مار کے واقعات کے پیشِ نظر متاثرہ علاقوں میں رات کے وقت کرفیو تاحال نافذ ہے۔

روئٹرز نے آتش زدگی سے پہلے اور بعد کے واکنگ ٹور کی ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں علاقے کی تباہی کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ ہولناک آگ کے نتیجے میں گھر کھنڈر بن گئے ہیں، اے ٹی ایم پگھل گئے، ہر سو انگاروں کا ڈھیر اور سلگتی گاڑیاں دکھائی دے رہی ہیں۔

درخت جل کر راکھ بن گئے، لاس اینجلس کاؤنٹی کے شیرف رابرٹ لونا کا کہنا ہے کہ شہر کا موازنہ ایٹم بم کے بعد کی تباہی کے مناظر سے کیا جا سکتا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں