تہران: امریکی شہر لاس اینجلس میں لگی خوفناک آگ پر قابو پانے کے لیے ایران کی جانب سے امریکا کو مدد کی پیشکش کی گئی ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی ریڈ کراس کے سربراہ کلف ہولٹ کو لکھے گئے خط میں ایرانی ہلال احمر کے سربراہ پیر حسین کولیوند نے امداد بھیجنے کی پیشکش کی ہے۔
ایرانی ہلال احمر کے سربراہ کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے اپنے وسیع تجربے کے باعث ایرانی ہلال احمر متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر خصوصی ریپڈ ایکشن ٹیمیں اور ریسکیو سامان بھیجنے کے لیے تیار ہے۔
خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ پیر حسین کولیوند نے کلف ہولٹ کو یقین دلایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ تنہا نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ لاس اینجلس میں منگل سے لگی تاریخ کی بدترین آگ مزید پھیل رہی ہے، آگ سے 16افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں۔
خوفناک آگ کے نتیجے میں 12 ہزار سے زائد مکان اور عمارتیں جل کر راکھ بن چکی ہیں، جبکہ 2 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔
لاس اینجلس آگ، ٹرمپ نے کسے قصور وار ٹھہرایا؟
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ 12 ہزار سے زائد فائر فائٹرز، ساڑھے 1100 فائر انجن، 60 طیارے اور 143 واٹر ٹینکر آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ مگر آگ کی شدت میں مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے۔