لاس اینجلس کی آگ نے نامور اداکار کی زندگی کو بھی نگل لیا 32 سالہ اداکار کی موت کی تصدیق ان کی والدہ نے ایک دلسوز پیغام کے ساتھ کی ہے۔
لاس اینجلس میں لگنے والی آگ پر 6 روز بعد بھی قابو نہیں پایا گیا ہے۔ جانی اور مالی نقصان مسلسل بڑھتا جا رہا ہے اور تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایک نامور اداکار بھی اس ہولناک آگ کے نتیجے میں اپنی جان گنوا بیٹھا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والا 32 سالہ روری سائکس ’’سیلیبریٹی سٹی‘‘ میں لگنے والی آگ کے بعد اپنے گھر میں دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے۔ اداکار کی والدہ نے نوجوان بیٹے کے موت کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی زندگی کے آخری لمحات کی اذیت ناک داستان بیان کی ہے۔
روری سائکس جو 1990 کی دہائی میں برطانوی پروگرام ’’کڈی کیپرز‘‘ کی وجہ سے بچپن میں ہی میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے تھے۔ وہ دماغی فالج کا شکار ہونے کے بعد اپنی والدہ کے ساتھ گھر میں زندگی گزار رہے تھے۔
اداکار کی والدہ شیلی سائکس نے سوشل میڈیا پر بیٹے کی موت کی روح فرسا خبر کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ یہ انتہائی دکھ کے ساتھ ہے کہ مجھے مالبو کی آگ میں اپنے خوبصورت بیٹے روری سائکس کی موت کا اعلان کرنا پڑ رہا ہے اور میرا دل بالکل ٹوٹ گیا ہے۔
شیلی نے اپنے بیٹے کے زندگی کے آخری دردناک لمحات سے صارفین کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا بیٹا روری اس وقت اپنے کیبن میں مر گیا جب اس کے کیبن کی چھت پر لگی آگ کو نہیں بجھایا جا سکا، کیونکہ پانی کاٹ دیا گیا تھا۔ وہ اپنے بیٹے کو جلتے ہوئے گھر سے باہر نہیں نکال سکیں کیونکہ وہ بیماری کے باعث چل نہیں سکتا تھا۔
شیلی نے روتے ہوئے اپنے بیٹے کی زندگی کے آخری خوفناک لمحات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب آگ بجھانے میں ناکامی ہوئی تو اس نے مجھ سے کہا کہ ماں مجھے چھوڑ دو، لیکن ایک ماں اپنے بچے کو موت کے منہ میں کیسے چھوڑ سکتی ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ 911 پر مدد کے لیے کال کرنے میں ناکام ہونے کے بعد وہ مقامی فائر اسٹیشن پر پہنچی لیکن جب میں مدد کے لیے واپس آئی تب تک بہت دیر ہو چکی تھی اور روری کی موت کاربن مونو آکسائیڈ کے زہر سے ہو چکی تھی۔
لاس اینجلس ہولناک آتشزدگی: 12 ہزار میں سے واحد گھر جلنے سے کیسے بچا؟
واضح رہے کہ لاس اینجلس میں لگی بے قابو آگ ہزاروں ایکڑ رقبے کو نگل چکی ہے۔ 12 ہزار سے زائد گھر خاکستر ہوگئے ہیں جن میں مشہور ہالی ووڈ اداکاروں اور ارب پتی شخصیات کے گھر بھی شامل ہیں جب کہ ہلاکتیں بڑھ کر 24 سے زائد ہو گئی ہیں۔
’’لاس اینجلس میں آگ جان بوجھ کر لگائی گئی؟‘‘، امریکی پولیس نے کس کو گرفتار کر لیا؟