پشاور: پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے اگر 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کے معاملے پرپیشرفت نہ ہوئی تو مذاکرات کا ’دی اینڈ‘ ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت یوسفزئی نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف القادر ٹرسٹ فیصلہ مؤخر ہونے پر کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ تیسری مرتبہ مؤخر ہونے پر مایوسی ہوئی ہے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ مؤخر کرنا قانون انصاف کا مذاق ہے یہ عدالتی سسٹم پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، اعلیٰ عدلیہ کو اس کا سخت نوٹس لینا چاہیے۔
190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ تیسری بار مؤخر
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت این آر او لینے کے چکر میں ہے لیکن واضح کرنا چاہتے ہیں کہ نہ این آر او لیں گے نہ ہی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 31 جنوری تک مذاکرات جاری ہیں اس کے بعد مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کریں گے، جوڈیشل کمیشن کے مطالبے پر پیشرفت ہوئی تو مذاکرات جاری رکھنے کا امکان ہوسکتا ہے، بصورت دیگر مذاکرات کا ’’دی اینڈ‘‘ ہو جائے گا۔