کراچی: کم عمر لڑکی سے شادی کرنے والے لڑکے کو عدالت نے جیل بھجوا دیا۔
تفصیلات کے مطابق کم عمری کی شادی کے کیس کی سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، عدالت نے شادی کرنے والی کم عمر لڑکی کو پناہ گاہ شیلٹر ہوم بھیج دیا، جب کہ لڑکی کی عمر کے تعین کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کر دی۔
عدالت نے 10 روز میں لڑکی کی عمر کا تعین کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے، اور فرسٹ ایئر کی طالبہ سے شادی کرنے والے لڑکے کو گرفتار کرنے کا حکم دیا، جس پر پولیس نے لڑکے کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کم عمر لڑکی سے شادی کرنے والے لڑکے کو جیل بھیجنے کا حکم جاری کیا، عدالتی دستاویز کے مطابق پنوں عاقل کی رہائشی لڑکی کے والدین نے بیٹی کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا، جس پر عدالت نے فیصلہ جاری کیا۔
لڑکی نے 11 نومبر کو شادی کی تھی، تاہم مقدمہ درج ہونے پر لڑکے اور لڑکی نے مقدمہ ختم کرانے اور تحفظ کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔