ن لیگ کے رہنما کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر نے کہا ہے کہ مریم نواز صرف پنجاب کی وزیراعلیٰ نہیں بلکہ وہ صوبہ خیبر پختونخوا کی بہو بھی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر نے مردان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز صرف پنجاب کی وزیراعلیٰ ہی نہیں بلکہ صوبہ خیبر پختونخوا کی بہو بھی ہیں۔ کے پی کے عوام نے پی ٹی آئی کو تیسری بار مینڈیٹ دے کر اپنا مستقبل تباہ کر دیا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف عدم اعتماد نہ ہوتا تو ملک کا بیڑہ غرق ہو جاتا۔ غلیلیں لے کر وفاق پر چڑھائی کرنے والے قوم کی خدمت نہیں کر سکتے۔
مریم نواز کے شوہر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ پارلیمانی سیاست میں انہیں چوہدری نثار لے کر آئے تھے۔
اس سے قبل گزشتہ روز کیپٹن صفدر نے پی ٹی آئی اور علی امین گنڈاپور حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب ترقی کر رہا ہے جب کہ خیبر پختونخوا کی حالت بدترین ہو رہی ہے۔ کوئی پتہ نہیں کہ کے پی میں پی ٹی آئی کی حکومت کب ختم ہو جائے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 11 سال میں خیبر پختونخوا میں کوئی اسپتال یا یونیورسٹی نہیں بنی۔ اس صوبے کو شہباز شریف کی سوچ اور مریم نواز کی محنت درکار ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر عمران خان کا بیٹا لانگ مارچ کو لیڈ کرے تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔