بدھ, جنوری 15, 2025
اشتہار

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ مؤخر ہونے کا تحریری حکم نامہ جاری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ مؤخر ہونے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔

احتساب عدالت نے حکم نامے میں لکھا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے ذریعے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت میں پیش ہونے کیلیے طلب کیا گیا تاکہ کیس کا حتمی فیصلہ سنایا جا سکے لیکن ملزم نے کمرہ عدالت آنے سے انکار کیا۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ ملزم کی جانب سے کہا گیا جب تک شریک ملزم بشریٰ بی بی، فیملی ممبر اور وکلا نہیں آتے وہ پیش نہیں ہوں گے، عدالت نے ساڑھے 8 بجے سے ساڑھے 10 بجے تک 2 گھنٹے انتظار کیا لیکن ملزمان عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

- Advertisement -

یہ بھی پڑھیں: جج نے اپنی مرضی سے القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ مؤخر کیا، بیرسٹر گوہر

حکم نامے کے مطابق کیس کے فیصلے کیلیے مختصر تاریخ دی جاتی ہے فیصلہ 17 جنوری 2025 کو سنایا جائے گا، آئندہ تاریخ پر متعلقہ ملزمان و افراد بروقت حاضری یقینی بنائیں۔

گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کی تھی اور فیصلہ ایک بار پھر مؤخر کیا تھا۔

عدالت نے فیصلہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عدم موجودگی پر مؤخر کیا تھا۔ جج ناصر جاویدرانا نے کہا تھا کہ ساڑھے 8 بجے عدالت پہنچا ہوں، عمران خان کو پیش ہونے کیلیے دو بار پیغام پہنچایا لیکن وہ اور بشریٰ بی بی پیش نہیں ہوئے۔

جج کا کہنا تھا کہ ملزمان کے وکلا بھی عدالت نہیں پہنچے اب 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ 17 جنوری کو سنایا جائے گا۔ بعد ازاں جج ناصر جاوید رانا اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگئے تھے۔

190 ملین پاونڈ ریفرنس کا پس منظر

خیال رہے 190 ملین پاونڈ ریفرنس کا فیصلہ آج اڈیالہ جیل میں سنایا جانا تھا ، بانی پی ٹی ائی اور بشری بی بی کے خلاف ریفرنس کا جیل ٹرائل ایک سال میں مکمل ہوا۔

ٹرائل مکمل ہونے پر عدالت نے ریفرنس کا فیصلہ 18 دسمبر 2024 کو محفوظ کیا تھا ، جس کے بعد عدالت نے 23 دسمبر کو ریفرنس کا فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ مقرر کی تھی بعد ازاں فیصلہ کی تاریخ موخر کرکے 6 جنوری اور پھر 13 جنوری مقرر کی گئی۔

نیب نے 13 نومبر 2023 کو 190ملین پاؤنڈریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈالی، نیب نے 17 دن تک بانی پی ٹی آئی سے اڈیالا جیل میں تفتیش کی یکم دسمبر 2023 کو نیب نے 190ملین پاؤنڈ ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا۔

عدالت نے 27 فروری 2024 کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کی، ریفرنس میں 100 سے زائد سماعتیں ہوئیں، نیب نےریفرنس میں پہلے 59 گواہان کی فہرست عدالت میں جمع کرائی دوران ٹرائل نیب نے 59 گواہان میں سے 24 گواہان کو ترک کیا گیا۔

ریفرنس میں کل 35 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے اور ان پر جرح ہوئی ، ریفرنس میں سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان، سابق وزیراعلیٰ کےپی پرویزخٹک، سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال، القادریونیورسٹی کےچیف فنانشل افسر بھی گواہان میں شامل تھے۔

عدالت نےذلفی بخاری،فرحت شہزادی، مرزا شہزاد اکبر، ضیاء المصطفی نسیم سمیت 6ملزمان کو190 ملین پاؤنڈ ریفر نس میں اشتہاری قراردیا اور اشتہاری ملزمان کی جائیدادیں اور بینک اکاونٹ منجمد کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں