وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بچیوں کی ان سے محبت سے متعلق کہانی بیان کردی۔
سیالکوٹ میں ہونہار اسکالر شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ میں گزشتہ دنوں بہاولپور گئی ہوئی تھی وہاں پر ایک بچی بھاگتے ہوئے آئی اور میرے گلے لگ گئی، اس نے بہت بری طرح رونا شروع کردیا وہ کانپ رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میں سوچنے لگی کہ اس کو کیا مسئلہ ہوگا خدانخواستہ گھر میں کوئی بیمار ہوگا جس کے علاج کے لیے وسائل نہیں ہیں جب میں بچی سے پوچھا کہ کیوں رو رہی ہوں کیا بات ہے؟ تو وہ کہنے لگی کہ بس میں نے آپ کو گلے لگانا تھا۔
مریم نواز نے بتایا کہ ایک بچی نے بتایا کہ اس نے پوری رات جاگ کر آپ کا اسکیچ بنایا ہے ایک اور بچے نے کہا کہ دو راتیں جاگ کر آپ کی تصویر بنائی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ابھی ایک بچی شیر کی تصویر پکڑ کر بیٹھی ہے یہ سب تصویریں اپنے آفس میں ایک دیوار بنا رہی ہوں یہ سب وہاں لگیں گی کیونکہ میری کمائی اور میرا اثاثہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں یہاں نہ آتی تو کیسے پتا چلتا کہ یہاں ایسی بچیاں موجود ہیں، مریم نواز نے ایک بچی کو اسٹیج پر بلا کر اس کی حوصلہ افزائی کی اور ساتھ تصویر بھی بنوائی۔