کراچی : شہر قائد میں تیز رفتار ڈمپر نے ایک اور چراغ گل کر دیا، ٹریفک حادثے میں راہگیر بچی جاں بحق ہوئی، جس کی شناخت 6 سالہ تانیہ کے نام سے ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی اس حوالےسے مشہورہوتا جارہا ہے کہ جو شہری اسٹریٹ کرائم سے بچ جاتے ہیں، انہیں ٹرالر، ڈمپر یا ٹرک کچل ڈالتے ہیں، شہر میں تیز رفتار ڈمپر اور ٹریلر سے شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ نہ رک سکا۔
صبح سویرے سپر ہائی وے کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے راہگیر بچی جاں بحق ہوگئی ، ریسکیوحکام نے بتایا کہ جاں بحق بچی کی شناخت6سالہ تانیہ کےنام سے ہوئی تاہم بچی کی لاش اسپتال منتقل کردی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ بچی کا آبائی تعلق بہاولپور سے تھا، آج ہی بہاولپور سے کراچی پہنچے تھے، گبول گوٹھ میں رشتہ داروں سے ملنے جانا تھا اور کراچی پہنچ کر بس سے اترتے ہی بچی والدہ سے ہاتھ چھڑا کر بھاگی اس دوران وہاں سے گزرتے ڈمپر کی زد میں آگئی۔
ورثا نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ایدھی سرد خانے سے وصول کرلی اور بہاولپور روانہ ہوگئے ہیں۔
خیال رہے کراچی میں بے ہنگم ٹریفک کا نظام اور ڈرائیوروں کی غفلت نے سڑکوں پر سفر شہریوں کے لئے موت کا سفر بنادیا ہے۔
منگل کو لیاقت آباد اور سپر مارکیٹ کے علاقوں میں تیز رفتارمال بردار گاڑیوں کی ٹکر سے دو موٹر سائیکل سوار جان بحق ہوئے، جن کی شناخت معراج اور حسین بخش کے ناموں سے ہوئی تھی۔
ورثاء نے مطالبہ کیا تھا کہ ٹریفک حادثات کے ذمہ دار ڈرائیوروں کو فوری گرفتار کیا جائے، غلط سمت میں گاڑی چلانا اور بڑی گاڑیوں کی تیز رفتاری کراچی میں بڑھتے حادثات کی اہم وجوہات ہیں۔