اسلام آباد: پاکستان نے غزہ میں ہونے والی جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان غزہ میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے، پاکستان غزہ میں جنگ بندی کے فوری اور مکمل نفاذ کا مطالبہ بھی کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا امید ہے جنگ بندی معاہدہ مستقل اور انسانی امداد میں اضافے کا موجب ہوگا، اسرائیل کے طاقت کے استعمال نے بے گناہ فلسطینیوں کی زندگیوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا اسرائیلی فوج نے املاک کو شدید نقصان پہنچایا، اور ہزاروں افراد کو بے دخل ہونا پڑا، اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیاں پورے خطے کو غیر مستحکم کر رہی ہیں، پاکستان فلسطینی مسئلے کے منصفانہ، پائیدار حل کے لیے حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
3 مرحلے پر مشتمل غزہ جنگ بندی معاہدے کے بارے میں آپ کیا جانتے ہیں؟
ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان جون 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل خودمختار فلسطینی ریاست کا حامی ہے۔
واضح رہے کہ امریکا، قطر اور مصر کی ثالثی کی کوششوں کے بعد آخرکار حماس اور اسرائیل کے درمیان فائر بندی اور مغویوں کے تبادلے کا معاہدہ ہو گیا ہے۔ قطر کے وزیر اعظم عبدالرحمان الثانی کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی اتوار 19 جنوری سے نافذ العمل ہوگی۔
معاہدے کا پہلا مرحلہ 6 ہفتے تک جاری رہے گا جس میں مکمل جنگ بندی اور اسرائیلی فوج کی واپسی شامل ہے پہلے مرحلے میں فلسطینی اپنے گھروں کو واپس جا سکتے ہیں، غزہ میں امدادی سامان پہنچایا جائے گا۔