بھارت کے اتر پردیش کے مرزا پور سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون آٹو ڈرائیور پر حملہ آور ہورہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ معاملہ آٹو کے کرائے کے تنازعہ کے بعد پیش آیا۔ تاہم، خاتون کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نے ان کے خلاف غیر اخلاقی زبان کا استعمال کیا۔ جس پر انہوں نے اپنے رد عمل کا اظہار کیا۔
خاتون کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد سے انہیں نا معلوم نمبروں سے دھمکی آمیز کالز موصول ہو رہی ہیں۔ جس میں انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون پریانشی پانڈے آٹو ڈرائیور وملیش کمار شکلہ کو اس کی سیٹ سے گھسیٹ رہی ہے اور گالی گلوچ کررہی ہے۔ ڈرائیور کے منت سماجت کرنے کے باوجود خاتون باز نہیں آرہی۔
خاتون نے یہ ویڈیو بعد میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی، جس کے وائرل ہونے کے بعد ڈرائیور نے پولیس میں شکایت درج کرائی اور انصاف کا مطالبہ کیا۔
آٹو ڈرائیور کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد انہیں بے عزتی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ پولیس کے پاس اپنی شکایت لے کر گئے، انہوں نے بتایا کہ ویڈیو نے انہیں بدنام کر دیا اور ان کے سینے پر چوٹ بھی آئی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کے اتر پردیش کے مرزا پور سے تعلق رکھنے والی خاتون پریانشی پانڈے کے انسٹاگرام پر سینکڑوں پوسٹس اور ریلز موجود ہیں، جن میں ایک تصویر میں وہ اسلحہ کے ساتھ بھی نظر آرہی ہیں، جبکہ ان کے ہزاروں فالوورز ہیں۔
انہوں نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ڈرائیور نے ان کے بارے میں غیر اخلاقی زبان استعمال کی، جس پر انہوں نے رد عمل دیا۔