اسلام آباد : پی آئی اے کے طیارے کو پائلٹ کی جانب سے ہنگامی ایمرجنسی سگنل کے بعد دمام میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن کی سعودیہ لاہور کی پرواز میں اچانک فنی خرابی ہوئی ، جس کے باعث طیارے کو دمام میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
ایوی ایشن ذرائع نے بتایا کہ شیڈیول پرواز پی کے 244 دمام سے لاہور کیلئے روانہ ہوئی، روانگی کے 20 منٹ بعد ایئر بس اے 320 طیارے میں شدید فنی خرابی پیدا ہوئی۔
اے ٹی سی دمام کو اگاہ کر کے پائلٹ واپس لینڈنگ اپروچ پر آگیا اور شدید فنی خرابی پر پائلٹ نے 04:22 بجے راڈار پر ہنگامی ایمرجنسی سگنل دیئے تاہم روانگی کے ایک گھنٹہ بعد پرواز باحفاظت دمام ایئرپورٹ پر لینڈ کرگئی۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا
یاد رہے اس سے قبل پی آئی اے کی گوادر کی پرواز میں اچانک فنی خرابی ہوئی تھی ، جس پر طیارے کو واپس کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔
ترجمان ایئرلائن نے بتایا تھا کہ پرواز پی کے 503 صبح 8:13 بجے کراچی سے گوادر کے لیے روانہ ہوئی تھی ، روانگی کے بعد پائلٹ نے طیارے کے انجن میں فنی خرابی کا بتایا اور ایئر ٹریفک کنٹرولر کو آگاہ کر کےپائلٹ نے 43 منٹ بعد واپس لینڈنگ کی تھی۔