راولپنڈی : 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے فیصلے کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ سنایا ، جس میں بانی پی ٹی آئی کو 14 سال اور بشریٰ بی بی کو کی سزا 7سال قید کی سنا دی گئی۔
احتساب عدالت نے القادر یونیورسٹی کو بھی سرکاری تحویل میں لینے کا حکم دے دیا۔
عدالت کی جانب سے فیصلہ سنانے کے بعد عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔
مزید پڑھیں : 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کو 14 اور بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا
احتساب عدالت نے عمران خان کی اہلیہ کو 5لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی اور کہا جرمانہ ادا نہ کرنے پربشریٰ بی بی کو مزید 3ماہ قید کی سزا ہوگی۔
خیال رہے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف ایک سو نوے ملین پاؤنڈ ریفرنس کا جیل ٹرائل ایک سال میں مکمل ہوا اور اس ریفرنس کا فیصلہ تین مرتبہ مؤخر کیا جاچکا ہے۔
نیب نے تیرہ نومبر دو ہزار تئیس کو ایک سو نوے ملین پاؤنڈریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈالی، جس کے بعد نیب نے سترہ دن تک بانی پی ٹی آئی سے اڈیالا جیل میں تفتیش کی۔
یکم دسمبر دو ہزار تئیس کو نیب نے ایک سو نوے ملین پاؤنڈریفرنس احتساب عدالت میں دائرکیا،جس پر سو سے زائد سماعتیں ہوئیں۔
نیب کی جانب سے انسٹھ گواہان کی فہرست پیش کی گئی، جس میں ریفرنس میں کل پینتیس گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے اور جرح ہوئی۔
ریفرنس میں سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان،سابق وزیراعلیٰ کےپی پرویزخٹک گواہوں میں شامل تھے جبکہ عدالت نےزلفی بخاری، فرحت شہزادی، مرزا شہزاد اکبر، ضیا المصطفی نسیم سمیت چھ ملزمان کیس میں اشتہاری قرار دیا ساتھ ہی ان کی جائیدادیں اور بینک اکاونٹ منجمد کرنے کا حکم دیا تھا۔