ملتان ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنالیے۔
ملتان میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سعود شکیل اور محمد رضوان کی عمدہ نصف سنچریوں کی بدولت کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں پر 143 رنز بنالیے۔
سعود شکیل 56 اور محمد رضوان 51 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی ابتدائی 4 وکٹیں 46 رنز پر گر گئی تھیں، کامران غلام 5 اور ڈیبیو ٹنٹ محمد ہریرہ 6 رنز بناسکے، بابر اعظم 8 اور کپتان شان مسعود 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز نے تین اور گوڈاکیش موتی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو زیر کرنے کے لیے اسپن جال بچھایا ہے اور پہلے میچ کے اسکواڈ میں تین اسیپشلسٹ اسپنرز اور ایک فاسٹ بولر کو شامل کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کو ویسٹ انڈیز سے ٹیسٹ سیریز جیتے تقریباً 8 سال گزر گئے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی۔
تاہم پاکستان کی سر زمین پر ویسٹ انڈیز کا ریکارڈ خراب ہے۔ دنوں ٹیموں کے درمیان سات ٹیسٹ سیریز ہوئیں جس میں صرف ایک بار 1980 میں کامیابی ملی۔
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کی سر زمین پر 21 میچز کھیل رکھے ہیں۔ ان میں سے صرف چار میں فتح حاصل ہوئی اور 9 میں ہار کو گلے لگایا۔ 8 میچز ڈرا رہے۔