کچرے کنڈی میں شہری گدھوں اور خچروں کی سریاں دیکھ کر حیران رہ گئے اور ان میں ہوٹلوں کے کھانوں کے حوالے سے تشویش پھیل گئی۔
یہ حیرت انگیز واقعہ مراکش کے شہر محمدیہ کا ہے جہاں کے رہائشیوں نے کچرے کے ڈھیر میں گدھوں اور خچروں کی سریاں دیکھیں جس کے بعد ان میں تشویش اور غم وغصہ پھیل گیا جبکہ متعلقہ حکام حرکت میں آ گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق چند دن قبل ایک خاکروب نے اپنے کام کے دوران آوارہ کتوں کو ایک کچرہ کنڈی کے اطراف دیکھا اور جب وہ وہاں پہنچا تو دیکھ کر حیران رہ گیا کہ وہاں کافی تعداد میں گدھوں اور خچروں کے سر پڑے ہوئے تھے۔
مذکورہ شخص نے اس کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دی جس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر وہ باقیات قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں جب کہ وہاں لوگوں کی بھی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔
دوسری جانب مقامی سوشل میڈیا پر یہ واقعہ اور تصویر وائرل ہونے کے بعد شہری ہوٹل میں گوشت سے بننے والی ڈشز سے متعلق تشویش میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
کئی صارفین نے اس پر تو برملا تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گدھوں اور خچروں کو خفیہ طور پر ذبح کر کے لوگوں کو سینڈوچز، ہوٹل میں بنائی گئی ڈشوں میں پیش کیا جا رہا ہے کیونکہ وہاں کئی علاقوں میں گوشت ایک ڈالر سے بھی کم قیمت پر دستیاب ہے۔
سوشل میڈیا پر سرگرم کارکنوں نے بے ترتیب گاڑیوں پر فروخت ہونے والے نامعلوم جانوروں کے گوشت خریدنے اور کھانے سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ شہریوں کی صحت کے لیے خطرہ بننے والے ان مجرمانہ طریقوں کو ختم کیا جائے۔
دوسری جانب حکام نے ذمہ داروں کو بے نقاب کرنے کے لیے ان عناصر کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں، جن کے بارے شبہ ہے کہ وہ ممنوعہ جانوروں کو ذبح کرنے اور ان کا گوشت بازاروں میں چھپ کر سڑکوں پر پھیلے ہوئے فاسٹ فوڈ کارٹس کے مالکان کو فروخت کرتے ہیں۔ ساتھ ہی شہریوں کو بھی متنبہ کیا گیا کہ وہ گوشت کی خریداری سے قبل اس کی اچھی طرح تصدیق کر لیں۔