بی سی سی آئی کے سیکرٹری نے روہت شرما کے دورہِ پاکستان کے بارے میں کوئی تصدیق نہیں کی۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) کے نئے تعینات ہونے والے سیکریٹری دیواجیت سائکیا نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے ہندوستانی کپتان روہت شرما کے پاکستان جانے کے حوالے سے کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی۔
ایک بھارتی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے سائکیا سے روہت شرما کے پاکستان آنے کے امکان کے بارے میں سوال کیا گیا جس پر انہوں نے جواب دیا کہ میزبان ملک ہونے کے ناطے پاکستان اس صورتحال سے فائدہ اٹھائے گا۔
انہوں نے ذکر کیا کہ بھارت کو اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے سمجھوتہ کرنے کی ضرورت ہوگی کیونکہ یہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ساتھ ان کی بات چیت کا حصہ نہیں تھا۔
سائکیا نے زور دے کر کہا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے اور تمام ممکنہ اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئی بھی فیصلہ احتیاط سے کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل تمام کپتان پاکستان میں روایتی میڈیا سیشن میں شرکت کریں گے، ایونٹ کی افتتاحی تقریب بھی منعقد کی جائے گی جس میں ٹیموں کو مدعو کیا جائے گا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ ماہ 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان کی میزبانی میں کھیلی جانی ہے۔ تاہم بھارتی حکومت اور بورڈ کی ہٹ دھرمی کے باعث بلیو شرٹس میگا ایونٹ کھیلنے پاکستان نہیں آئے گی اور اپنے میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں کھیلے گی۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ روہت شرما چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان آئیں گے اور وہ ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل پاکستان کا دورہ کریں گے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا باقاعدہ آغاز 19 فروری کو میزبان اور دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہو رہا ہے اور اس سے قبل افتتاحی تقریب منعقد ہوگی۔