خود کار ٹیکسی کے مسافر نے آئندہ اس میں سفر کرنے سے توبہ کرلی، گاڑی نے راستے میں اچانک سے گول چکر لگانے شروع کردیے، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
امریکی انگریزی جریدے ’روڈ اینڈ ٹریک‘ کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست ایریزونا میں پیش آیا، مقامی شہری مائیک جونز نے شاید ہی کبھی سوچا ہو کہ اس کے ساتھ اس طرح کی عجیب و غریب صورت حال بھی پیش آسکتی ہے۔
نوجوان مسافر نے اسکائی ہاربر ہوائی اڈے جانے کے لیے ایک نجی کمپنی کی خود کار ٹیکسی منگوائی تاکہ وہ لاس اینجلس کے لیے بروقت روانہ ہوسکے، جیگوار ماڈل کی خود کار گاڑی نے کچھ دور جانے کے بعد راستے میں اچانک گول گول چکر لگانے شروع کر دیے۔
View this post on Instagram
پہلے تو نوجوان صورتحال سے گھبرا گیا تاہم اپنے ہواس پر قابو پاتے ہوئے اس نے مذکورہ کمپنی کے نمائندے سے رابطہ کیا اور تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا، اس نے بتایا کہ میری فلائٹ ہے جس کے لیے مجھے وقت پر ہوائی اڈے پہنچنا ہے جب کہ یہ گاڑی مسلسل گول گول گھومے جا رہی ہے اور مجھے چکر محسوس ہو رہے ہیں۔
نواجوان نے بتایا کہ یہ گاڑی تقریباً 5 منٹ تک گول دائرے میں گھومتی رہی تاہم بعد ازاں ریموٹ آپریٹر اس فنی خرابی کو دور کرنے میں کامیاب ہوگیا اور گاڑی منزل مقصود کی جانب روانہ ہوگئی۔
انگریزی جریدے ’روڈ اینڈ ٹریک‘ کے مطابق کمپنی ترجمان نے بتایا کہ اس واقعے کے سبب اس نوجوان مسافر سے خود کار ٹیکسی کا کرایہ وصول نہیں کیا گیا ہے۔