اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ اسرائیلی اقدامات خطے کے استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں خود مختاری کے احترام، امن مشنز کو مضبوط بنانےاورشام کی سرزمین پراسرائیلی جارحیت اور فورسز کی غیر قانونی دراندازی کی مذمت کی ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اپنے خطاب میں اسرائیلی اقدامات کو یواین چارٹر کی کھلی خلاف اور خطے کے استحکام کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن مشنز پر حملہ کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ غزہ میں حالیہ جنگ بندی ایک جامع حل کی راہ ہموار کرے گی جس میں خودمختار اور آزاد فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہوگا۔
پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کو یقینی بنائے۔