پیر, جنوری 20, 2025
اشتہار

بجلی چوری کیخلاف چھاپہ مارنے پر ملزم نے اہلکاروں پر کتے چھوڑ دیے

اشتہار

حیرت انگیز

پنجاب کے ضلع اٹک کے شہر حسن ابدال میں بجلی چوری کے خلاف چھاپہ مارنے پر مالک مکان نے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) اہلکاروں پر کتے چھوڑ دیے۔

پولیس نے بتایا کہ حسن ابدال میں آئیسکو اہلکاروں نے بجلی چوری پر ایک گھر پر چھاپہ مارا جہاں چھت سے گزرنے والی مین لائن سے بجلی چوری کی جا رہی تھی، چھاپے کے دوران گھر کی خواتین نے آئیسکو اہلکاروں کے خلاف شور مچانا شروع کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس دوران مالک مکان نے اہلکاروں پر پالتو کتے چھوڑ دیے انہوں نے بھاگ کر جان بچائی، بھاگنے کے دوران ایک اہلکار مسعود گر کر شدید زخمی ہوا جس کے باعث اس کی ایک ٹانگ اور ہاتھ ٹوٹ گئے۔

- Advertisement -

پولیس نے تھانہ صدر حسن ابدال میں 2 ملزمان غازی خان اور ارشد خان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے یا نہیں۔

30 دسمبر 2024 کو لاہور کے علاقے باٹا پور کے قریب نواحی گاؤں بھسین میں بجلی چوری کی بڑی واردات کا انکشاف ہوا تھا جس میں پنجاب کے وزیر بیت المال اور سماجی بہبود سہیل شوکت بٹ کے گھر اور ان کے گاؤں میں کھلے عام بجلی چوری کی جا رہی تھی۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سرعام‘ کے اینکر پرسن اقرار الحسن نے بجلی چوری کا راز فاش کیا تھا۔ اقرار الحسن نے سہیل شوکت بٹ سے فون پر رابطہ کیا اور انہیں بتایا کہ آپ کے گھر چوری کی بجلی استعمال کی جا رہی ہے جس پر وہ انجان بن گئے اور کہنے لگے اوہ اچھا۔

اقرار الحسن کا کہنا تھا کہ جب لیڈر بجلی چور ہوگا تو باقی لوگوں کو بھی شے ملے گی، حیران کن طور پر ان کا وسیع و عریض گھر ہے جو ان کا ڈیرہ اور رہائش گاہ ہے اس میں براہ راست کنڈا لگا کر بجلی چلائی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں پر لوگ زیورات بیچ کر بجلی کا بل ادا کرنے پر مجبور ہیں وہاں منتخب ایم پی اے، صوبائی وزیر ڈنکے کی چوٹ پر بجلی چوری کر رہا ہے اور حکومت ایکشن نہیں لے رہی اور ان سے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں