اسلام آباد : سابق سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ عافیہ صدیقی کی رہائی میں مخلوط حکومت کی جانب سے رکاوٹیں ڈالنے کی اطلاعات ہیں ، آصف زرداری اور شہباز شریف سمیت دیگر سے اپیل کی وقت ضائع مت کیجئے۔
سابق سینیٹرمشتاق احمد نے ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی کے معاملے پر اپنے بیان میں کہا کہ اطلاعات ہیں مخلوط حکومت عافیہ صدیقی کی رہائی میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے، ان کی رہائی کیلئے چند لمحے، گھڑیاں اور ساعتیں رہ گئی ہیں۔
جماعت اسلامی رہنما نے آصف زرداری اور شہبازشریف سمیت دیگر سے اپیل کی وقت ضائع مت کیجئے۔
انھوں نے بتایا کہ 16لاکھ سےزائدلوگوں نےآئن لائن پٹیشن کے ذریعے عافیہ صدیقی کی رہائی کامطالبہ کیا، 16لاکھ لوگوں کا آن لائن پٹیشن کے ذریعے بائیڈن سے مطالبہ ایک ریکارڈ ہے۔
گذشتہ روز اسکائی نیوز نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی قید میں موجود ڈاکٹر عافیہ نے صدر جو بائیڈن سے معافی کی اپیل کی کہ وہ صدارت سے سبکدوش ہونے سے پہلے سزا معاف کردیں۔
مزید پڑھیں : ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے بائیڈن سے معافی کی اپیل کردی، برطانوی میڈیا
اس حوالے سے برطانوی میڈیا کا کہنا تھا کہ عافیہ نے اپنے وکلا کے ذریعے پیغام میں لکھا ہے وہ ناانصافی کا شکار ہیں، ہر دن اذیت ناک ہے، یہ آسان نہیں ہے، ان شاء اللہ ایک دن میں اس عذاب سے آزاد ہوجاؤں گی۔
ان کے وکیل نے امریکی صدر سے معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں ڈوزیئر بھی پیش کیا تھا، جو بائیڈن نے 39 ملزموں کی سزاؤں کو معاف جبکہ 3 ہزار نو سو کی سزائیں کم کی ہیں۔
یاد رہے کہ امریکی صدر جوبائيڈن کے دور صدارت کا آج آخری دن ہے اور 20 جنوری کو نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ حلف اٹھائیں گے۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی امریکا میں ایک متنازع عدالتی فیصلے کے باعث 86 سالہ سزا کاٹ رہی ہیں۔