اسلام آباد : حکومت نے 9 مئی سے متعلق جوڈیشل کمیشن بنانے سے انکار کردیا ، جس کے بعد حکومت اورپی ٹی آئی مذاکرات میں ڈیڈ لاک پیدا ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے 9 مئی سے متعلق جوڈیشل کمیشن نہ بنانے کا فیصلہ کرلیا ، ذرائع نے بتایا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے پی ٹی آئی کے مطالبات کا جواب تیار کر لیا۔
حکومتی مذاکراتی خصوصی کمیٹی 2 نکاتی مطالبات کا جائزہ لے رہی ہے، کمیٹی کے جواب میں کہا گیا ہے کہ نو مئی جی ایچ کیو کورکمانڈر کے گھر حملہ ہوا، شہدا ء کی یادگاروں اور مجسموں کی بے حرمتی کی گئی، منظم منصوبہ بندی سے فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومتی کمیٹی نے جواب میں واضح کیا ہے کہ عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات پر جوڈیشل کمیشن نہیں بن سکتا کیونکہ 9مئی سے متعلق عدالتوں میں چالان پیش ہو چکے،نو مئی کا کوئی سیاسی قیدی نہیں۔
جواب میں مزید کہا گیا کہ پی ٹی آئی مطالبات کا حقائق سے تعلق نہیں ، پی ٹی آئی مذاکرات کمیٹی کو چوتھے دور میں تحریری جواب دیا جائے گا۔
قانونی ٹیم نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو اپنی رائے دےدی ، جس کے بعد حکومت اورپی ٹی آئی مذاکرات میں ڈیڈ لاک پیدا ہونے کا امکان ہے۔
یاد رہے پی ٹی آئی حکومت کو اپنے تحریری مطالبات پیش کئے تھے ، جس میں مذاکرات کو کمیشن بنانے سے مشروط کردیا تھا۔
مزید پڑھیں : پی ٹی آئی نے مذاکرات میں تحریری مطالبات پیش کردیے
پاکستان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان یا سپریم کورٹ کے تین ججوں پر مشتمل دو انکوائری کمیشن تشکیل دیے جائیں، پہلا کمیشن بانی کی گرفتاری کی قانونی حیثیت، نومئی واقعات کی تحقیقات اور سی سی ٹی وی کا جائزہ لے جبکہ دوسرا کمیشن چوبیس سے ستائیس نومبر تک کے واقعات کی تحقیقات کرے اور تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔
تحریک انصاف نے خبردار کیا تھا کہ کمیشن تشکیل نہ دیئے گئے تو مذاکرات جاری نہیں رہیں گے۔