اسلام آباد : پاسپورٹ بنوانے والوں کے لئے فاسٹ ٹریک کیٹیگری سہولت کے حوالے سے بڑی خوشخبری آگئی۔
تفصیلات کے مطابق شہریوں کو بروقت پاسپورٹ فراہمی کیلئے ڈی جی پاسپورٹس کا اہم اقدام سامنے آیا، فاسٹ ٹریک کیٹیگری سہولت کا دائرہ کار مزید 26 شہروں تک بڑھا دیا گیا۔
اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ اب شہری 47شہروں سےفاسٹ ٹریک کیٹیگری پاسپورٹس بنواسکیں گے۔
اٹک، چکوال، سرگودھا، حافظ آباد، میانوالی اور بھکر ،کوہاٹ، صوابی، سوات، ڈی آئی خان، بنوں، ہنگو، ایبٹ آباد اور ہری پور میں سہولت میسر ہوگی جبکہ مظفرآباد، میرپور، باغ، کوٹلی، راولا کوٹ بھی فاسٹ ٹریک کیٹیگری کا حصہ بن گئے۔
نوٹیفکیشن میں کہنا تھا کہ اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور ،کوئٹہ میں سہولت پہلے سے ہی میسر ہے۔
دوسری جانب کراچی کے بعد لاہور کے بھی 3 نادرا میگا سینٹرز میں پاسپورٹ کاؤنٹرز قائم کردیئے ہیں، شہری کاؤنٹرز سے پورا ہفتہ 24 گھنٹے پاسپورٹ سروسز حاصل کرسکیں گے
ڈی جی امیگریشن کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ سروسزکی فراہمی کادائرہ کارملک بھرمیں بڑھایا جائے گا۔