صوبہ پنجاب سے جرائم پیشہ افراد کو بلاکر کراچی میں سپرمارکیٹ لوٹنے کا منصوبہ ناکام ہوگیا، سات ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے کراچی کے علاقوے کٹی پہاڑی کے قریب مقابلے کے بعد 7 ملزمان کو گرفتارکیا ہے جو سپرمارکیٹ میں ڈکیتی کی واردار سرانجام دینا چاہتے تھے، گلشن اقبال میں واقع سپرمارکیٹ کے دوملازموں نےڈکیتی کا منصوبہ بنایا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ واردات کے لیے پنجاب سے 2 عادی جرائم پیشہ افراد کو بھی بلایا گیا تھا، سپرمارکیٹ کے کیمرے بند کرنے کی ذمہ داری 2 ملازموں کی تھی۔
گارڈ کو ٹائی کلپ سے باندھنے کا منصوبہ تھا، ملزمان کی گاڑی سے 2 رائفلوں اور 2 پستولوں کےعلاوہ متعدد ٹائی کلپس بھی ملے ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ٹائی کلپ ملنے پر تفتیش میں مذکورہ ملزمان نے واردات کی منصوبہ بندی کا اعتراف کیا، ملزموں نے بتایا ہفتے کو سیل کا دن ہوتا ہے، آٹھ کروڑ تک کی سیل ہوجاتی ہے،
اس ناکام واردات کے حوالے سےپولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزموں کو پتہ تھا کہ اتنی بڑی رقم کہاں رکھی جاتی ہے، پنجاب سے آنے والے ساجد اور صابر سگے بھائی ہیں۔