اسلام آباد : سابق وفاقی وزیر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیاں ایک جیسی ہیں، وہ ان کی رہائی کے لیے ضرور کچھ کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
امریکا میں نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کے بعد پاکستان میں اس کے اثرات سے متعلق بات کرتے ہوئے مشاہد حسین سید نے کہا کہ ٹرمپ عام روایتی سیاستدان نہیں ہیں ان کی اور بانی پی ٹی آئی کی پالیسیاں ایک جیسی ہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ پر نہیں بلکہ پاکستان کے نام پر رہائی کے معاملے کو دیکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی امریکا میں لابی بہت مضبوط ہے، نئے امریکی صدر ٹرمپ ان کی رہائی کے لیے کچھ نہ کچھ ضرور کریں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ رہائی کیلئے پاکستان پر کسی اور طرح سے بھی دباؤ ڈال سکتے ہیں۔
مشاہد حسین سید نے کہا کہ ماضی میں امریکی مداخلت سے ایک سابق وزیراعظم کو بھی ریلیف ملا تھا، جب ماضی میں ریلیف مل سکتا ہے تو اب بھی مداخلت ہوسکتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ واحد امریکی صدر تھا جس نے گزشتہ دور حکومت میں کہا تھا کہ میں مسئلہ کشمیر پر ثالثی کیلئے تیار ہوں، کشمیر پر ثالثی کا مطلب ہے کہ ٹرمپ نے مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو تسلیم کیا تھا۔
امریکا میں وزیر اعظم شہباز شریف کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ جوبائیڈن نے ان کے خط کا جواب تک نہیں دیا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ڈیل کے کافی امکانات ہیں، جبکہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو چاہتا تھا کہ ایران کیخلاف بھی جنگ ہو، میرا اندازہ ہے کہ ایران امریکا تعلقات بہتر ہوجائیں گے، ایران کے ساتھ امریکا کے تعلقات اچھے ہوتے ہیں تو ہمیں بھی فائدہ ہوگا۔