کوئٹہ: درختوں کی کٹائی پر محکمہ جنگلات بلوچستان نے زبردست ایکشن لیتے ہوئے ایک شاپنگ مال پر پونے 2 کروڑ جرمانہ، اور افسران کو معطل کر دیا۔
محکمہ جنگلات بلوچستان کے مطابق کوئٹہ میں حالی روڈ پر چنار کے درختوں کی کٹائی پر جان شاپنگ مال انتظامیہ کو ایک کروڑ 70 لاکھ روپے کا جرمانہ کیا گیا ہے۔
مال انتظامیہ نے حالی روڈ پر بغیر اجازت چنار کے درخت کاٹ دیے تھے، محکمہ جنگلات کوئٹہ ڈویژن کے کنزرویٹر محمد نیاز خان کاکڑ نے فاریسٹ گارڈ نوروز خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے مال انتظامیہ کو ایک کروڑ 70 لاکھ روپے کا جرمانہ کر دیا۔
محکمہ جنگلات کے مطابق بلوچستان یونیورسٹی اور شعبان میں بھی درختوں کی کٹائی پر نوٹس لے کر 3 بلاک افسران، اور ایک رینج فاریسٹ افسر کو معطل کر دیا گیا، مذکورہ افسران کے خلاف سوموار کو ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
کنزرویٹر کوئٹہ ڈویژن محکمہ جنگلات نیاز کاکڑ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے احکامات پر درختوں کی کٹائی کرنے والے ماحول دشمن عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
درخت ہمارے ماحول کو صحت مند اور خوب صورت بناتے ہیں، یہ انسانی، ماحولیاتی اور اقتصادی فوائد کے حامل ہیں، نئے درخت لگا کر ان کی مکمل نگہداشت کریں گے، جس کے لیے عوامی تعاون ناگزیر ہے۔