اتوار, فروری 2, 2025
اشتہار

طویل جنگ کے بعد غزہ میں پُر سکون رات

اشتہار

حیرت انگیز

15 ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت اور بربریت کے بعد جنگ بندی ہونے پر غزہ کے شہریوں کو طویل عرصے بعد پرسکون رات نصیب ہوئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل اور حماس میں جنگ بندی معاہدے کے بعد 15 ماہ کے طویل عرصہ بعد غزہ کے شہریوں کو پرسکون رات نصیب ہوئی اور بمباری کا ڈر ختم ہونے کے بعد وہ سکون کی نیند سوئے۔

جنگ بندی کے تیسرے روز بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گزین کیمپوں سے اپنے اپنے علاقوں میں واپسی جاری ہے۔ کئی خاندان طویل جدائی کے بعد اپنے پیاروں سے ملے تو رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

تاہم بے گھر فلسطینی امداد اور خوراک کے منتظر ہیں لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ جنگ بندی کے بعد امدادی سامان کے ٹرک بھی غزہ پہنچ رہے ہیں اور معاہدے کے مطابق روزانہ 600 امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہوں گے۔

گزشتہ روز اسرائیلی قید سے سیاست دان خالدہ جرار اور خاتون صحافی رولا حسنین رہائی پانے والوں میں شامل ہیں۔ قیدیوں کا اگلا تبادلہ 25 جنوری کو ہوگا۔ دوسرے مرحلے میں 33 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا اور اس کے بدلے اسرائیلی جیلوں سے 2000 قیدیوں کو واپس غزہ لایا جائے گا۔

جنگ بندی کے بعد تباہ شدہ علاقوں سے 62 شہدا کی لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ 15 ماہ سے زائد عرصے تک جاری رہنے والی اسرائیلی بمباری سے 47 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

اسرائیل اور حماس معاہدے کے تحت 42 دن تک غزہ کی پٹی پر کوئی حملہ نہیں ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں