اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین پناہ گزین کیمپ پر مہلک حملہ کیا ہے۔
فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم چھ فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے منگل کے روز کہا تھا کہ فوجیوں، پولیس اور انٹیلی جنس سروسز نے انسداد دہشت گردی کی کارروائی شروع کی ہے لیکن اس نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
شہید ہونے والوں کی شناخت فوری طور پر واضح نہیں ہو سکی۔ وزارت صحت نے بتایا کہ 35 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
فلسطینی اتھارٹی کی سیکیورٹی فورسز کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فورسز نے "شہریوں اور سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد شہری اور متعدد سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے”۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا کہ آپریشن کا مقصد "دہشت گردی کا خاتمہ” ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ جاری آپریشن کو "آئرن وال” کا نام دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جینین کے گورنر کمال ابو الرب نے اس کارروائی کو "کیمپ پر حملہ” قرار دیا۔
جنین میں یہ حملہ جہاں حالیہ برسوں میں اسرائیلی فوج نے متعدد چھاپے اور بڑے پیمانے پر دراندازی کی ہے، غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے نفاذ کے چند دن بعد ہوا ہے اور مغربی کنارے میں مزید تشدد کے خطرے کی نشاندہی کر رہا ہے۔