بھارتی شہر حیدر آباد میں حاملہ خاتون کے ہولناک قتل کا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں شک کی عادت نے مقتولہ کے شوہر کو درندہ بنا دیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹ کے مطابق قتل کا لرزہ خیز واقعہ 16 جنوری 2025 کو کشائی گوڈا پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔ انسٹاگرام کے ذریعے دوستی کے بعد 21 سالہ ملزم اتیپمولا سچن نے 2022 میں 21 سالہ مقتولہ اسنیہا سے شادی کی تھی اور جوڑے کے ہاں 2023 میں پہلے بچت کی پیدائش ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: شوہر نے 8 ماہ کی حاملہ بیوی کوقتل کر کے لاش دریا میں بہا دی
جوڑے کے آپس میں اُس وقت جھگڑے ہونا شروع ہوئے جب اتیپمولا سچن نوکری چھوڑ کر کچھ غیر قانونی کام کرنے لگا تھا لیکن اس سے قبل وہ فوڈ ڈیلیوری ایجنٹ کے طور پر کام کرتا تھا۔
پہلے بچے کو فروخت کرنے کی کوشش
مالی مشکلات کے باعث اتیپمولا سچن نے اپنے پہلے بچے کو ایک لاکھ روپے میں ایک شخص کو فروخت کی کوشش کی تھی۔ مقتولہ اسنیہا نے پولیس میں رپورٹ درج کروائی تو پولیس نے مداخلت کر کے شیر خوار بچے کو فروخت ہونے سے بچا لیا تھا، بعدازاں بچہ بیمار ہو کر چل بسا۔
جوڑے نے دسمبر 2024 میں دوبارہ ایک ساتھ رہنے سے قبل کچھ وقت کیلیے علیحدگی اختیار کی تھی۔ مقتولہ جب ملزم کے ساتھ واپس گھر آئی تو وہ اُس وقت 7 ماہ کی حاملہ تھی۔
وحشیانہ قتل
اتیپمولا سچن کو سنیہا کے حاملہ ہونے پر شک ہونے لگا تھا لہٰذا اس نے بیوی کے قتل کا منصوبہ بنایا۔ 15 جنوری 2025 کو اس نے مقتولہ کو شراب پلائی اور گلا گھونٹ ڈالا۔
ملزم نے قتل کو حادثہ قرار دینے کی کوشش کی۔ اس نے کچن میں گیس سلنڈر کو جان بوجھ کر لیک کیا تاکہ پولیس کو لگے کہ خاتون کی موت دم گھٹنے سے ہوئی۔
18 جنوری 2025 کو پڑوسیوں نے لاش سڑنے کی بدبو آنے پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس گھر پہنچی تو اسنیہا کی لاش پڑی تھی جسے فوری طور پر پوسٹ مارٹم کیلیے منتقل کیا گیا۔
پولیس نے اتیپمولا سچن کو کچے گوڈا سے گرفتار کیا تو ملزم جرم کا اعتراف کیا۔ پولیس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔