بدھ, جنوری 22, 2025
اشتہار

بانی پی ٹی آئی کو ابھی ڈیل آفر نہیں ہوئی، اگر ہوگی تو قبول کر لیں گے، فیصل واوڈا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سینئر سیاستدان سینیٹر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو ابھی ڈیل آفر نہیں ہوئی، اگر ہوگی تو وہ قبول کر لیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں فیصل واوڈا نے کہا کہ مجھے بہت کچھ کہا جاتا ہے کبھی اسٹیبلشمنٹ کا بندہ تو کبھی اینٹی اسٹیبلشمنٹ لیکن جو بھی غلط کام کرے گا میں اس کے خلاف ہوں اور بات کرتا رہوں گا، مجھے تو اینٹی اسٹیٹ بھی بنایا گیا ہے پھر بھی سچ بولنا اور حق بات کرنا نہیں چھوڑا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ جمہوریت، عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ کا ہونا بہت ضروری ہے، 75 سال سے جو سیٹ اپ چل رہا ہے اب بھی وہی چل رہا ہے، نظام ہے کہاں؟ جمہوری نظام چلانے والے سیاسی لاش ہیں، ایسے کئی لوگ ہیں جنہوں نے قربانیاں دیں نوجوان ہیں آگے نہیں آنے دیا جاتا، کیا یہ ہی حال رہے گا کہ والد جائے گا تو بیٹی اقتدار سنبھالے گی۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ میں نے جو بھی الیکشن دیکھے ہیں سارے غیر شفاف تھے اور آئندہ بھی ہوں گے، عمران خان مقبول اس لیے ہیں کہ عوام مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی سے نفرت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت اور اسٹیبلشمنٹ سے پہلے عدلیہ کو ٹھیک کرنا چاہیے، عدالتوں کے نظام سے شروع کریں عدلیہ کو سب سے پہلے ٹھیک کریں، عدالت نے 45 سال بعد اعتراف کیا کہ بھٹو کو غلط پھانسی دی گئی تھی، جمہوریت کے چیمپئن ہیں تو پھر اس نظام کے مزے لیں۔

’کہا تھا نواز شریف ریس میں تنہا بھی دوڑیں گے تو تیسرے نمبر پر آئیں گے۔ عدالتوں نے وقت ختم ہونے کے بعد بھی نواز شریف کیلیے فیصلے سنائے۔ قصور وار عدالتیں ہیں سب سے پہلے عدالتوں کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام کو جمہوریت میں تعلیم، صحت اور پانی حتیٰ کے گٹر کے ڈھکن ملے؟ عام آدمی کی کھال اتر جائے گی لیکن شفاف جمہوریت نہیں ملے گی۔‘

فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ میرا تو 5 سالہ مدت والی جمہوریت پر یقین ہی نہیں ہے، میں نے تو آج تک جمہوریت دیکھی ہی نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’حکومت اور پی ٹی آئی والے دونوں چاہتے ہیں عمران خان جیل میں رہیں‘

سینیٹر نے کہا کہ ڈیل کیلیے عمران خان دروازے سے باہر دیکھ رہا ہوں، آج آفر کریں گے تو بانی پی ٹی آئی ایک منٹ میں قبول کریں گے، ان کو ڈیل اب تک آفر نہیں ہوئی لیکن اگر ہوگی تو قبول کر لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پروپیگنڈا مہم میں کبھی پی ٹی آئی کو نہیں ہرایا جا سکتا، یہ چاہتی ہے عمران خان جیل میں ہی رہیں، فواد چوہدری کی طرح مجھے پی ٹی آئی میں نہیں جانا، مجھے پارٹی سے نکالا گیا تھا پی ٹی آئی یا عمران خان سے کچھ نہیں چاہیے۔

’پی ٹی آئی ہے کہاں؟ علی زیدی، عمران اسماعیل، اسد عمر، مراد سعید یہ پارٹی تھی۔ عمران خان ہی پارٹی ہے اور وہ آج بھی مقبول ہیں۔ تھرڈ ورلڈ ممالک میں جب بھی اسٹیبلشمنٹ سے ٹکرائیں گے آپ کا ہی سر پھٹے گا۔ مجھے پی ٹی آئی میں نہیں جانا لیکن عمران خان بلائیں گے تو ملاقات ضرور کروں گا لیکن نواز شریف بلائیں گے تو ان سے معذرت کر لوں گا۔‘

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں