ڈیووس : وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ریٹنگ ایجنسیاں کچھ ماہ میں پاکستان کی ریٹنگ اپ گریڈ کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ڈیووس میں ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ دو اداروں کے ساتھ ہم ٹرم شیٹ پر دستخط کرنے میں آگے بڑھے ہیں، ان میں سے ایک دوطرفہ جبکہ دوسرا تجارتی قرض ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ یہ قرضے قلیل مدتی یا ایک سال تک کے ہیں، یہ قرض ملکی فنانسنگ کو پورا کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔
انھوں نے بتایا کہ حکومت نے مشرق وسطیٰ کے دو بینکوں کے ساتھ چھ سے سات فی صد شرح سود پر ایک ارب ڈالر قرض کی شرائط پر اتفاق کیا ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ریٹنگ ایجنسیوں سے پاکستان کیلئے سنگل بی ریٹنگ کی توقع کی جا رہی ہے، ریٹنگ ایجنسیاں آئندہ کچھ مہینوں میں پاکستان کی ریٹنگ اپ گریڈ کریں گی۔
گذشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ نے ’ورلڈ اکنامک فورم‘ میں لکھے گئے اپنے مضمون میں عالمی شراکت داروں کو پاکستان کے معاشی شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی تھی۔
انھوں نے اپنے مضمون میں لکھا تھا کہ پاکستان نے معاشی استحکام اور ترقی کا سفر شروع کر دیا ہے، سخت چیلنجز میں پائیدار ترقی اور مضبوط بنیاد کیلیے فیصلہ کن اصلاحات کا نفاذ کیا، ہماری انہی کوششوں کے نتائج واضح ہو رہے ہیں اور معیشت آگے بڑھ رہی ہے۔