اسلام آباد : مراکش کشتی حادثے میں لاشوں کی شناخت کے لیے نادرا کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، شناخت کےبعدلاشوں کوپاکستان منتقل کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق مراکش کشتی حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی حتمی تعدادکی تصدیق تاحال نہ ہو سکی ، حکومت نے لاشوں کی شناخت کے لیے نادرا کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع نے بتایا کہ شناخت کےبعدلاشوں کوپاکستان منتقل کیاجائےگا، مراکش حکام نے پاکستانیوں کی لاشوں کے بارے میں آگاہ کردیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ تصدیق نہ ہونےکےباعث لاشوں کی تعدادنہیں بتائی جارہی اور کچھ لاشوں کی دستاویز نہ ہونے پر شناخت نہیں ہو پا رہی۔
ذرائع نے مزید کہا کہ آن لائن پورٹل کے ذریعے فنگر پرنٹ اور تصاویر نادرا کو بھجوائی جارہی ہیں اور لاشوں کی منتقلی کے بعد تشدد کے معاملے پر متعلقہ ممالک سےرابطہ کیا جائے گا، تشدد میں موریطانیہ کےعلاوہ دیگر ممالک کے شہریوں کےملوث ہونے کا بھی خدشہ ہیں۔
مزید پڑھیں : ’مراکش کشتی حادثہ نہیں قتل عام تھا‘ زندہ بچ جانیوالے پاکستانیوں کا دل دہلا دینے والا ابتدائی بیان
یاد رہے پاکستان کی تحقیقاتی کمیٹی نے مراکش کشتی حادثے میں زندہ بچ جانیوالے پاکستانیوں کے ابتدائی بیان ریکارڈ کئے تھے۔
پاکستانیوں نے ابتدائی بیانات میں کہا تھا کہ مراکش کشتی حادثہ نہیں قتل عام تھا، ملزمان نے کشتی کھلے سمندر میں کھڑی کی اور تاوان مانگا، تاوان دینے والے 21 پاکستانیوں کو چھوڑ دیا گیا جبکہ کشتی میں سوار بیشتر لوگ سرد موسم اور تشدد سے ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ کشتی انٹرنیشنل ہیومن ٹریفکنگ ریکٹ کی نگرانی میں تھی، اس ریکٹ میں سنیگال، موریطانیہ اور مراکش کے اسمگلر شامل ہیں، واضح رہے کہ پاکستان کی 4 رکنی تحقیقاتی ٹیم اس وقت مراکش میں موجود ہے۔
واضح رہے افریقی ملک موریطانیہ سے غیرقانونی طور پر اسپین جانے والوں کی کشتی کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 تارکین وطن ہلاک ہوگئے تھے۔