فیصل آباد کے شہری نے 425 دنوں کی محنت کے بعد ہاتھ سے دنیا کے سب سے بڑا قرآن پاک لکھنے کی سعادت حاصل کر لی اس قلمی نسخے کی نمائش جاری ہے۔
فیصل آباد کی تحصیل خان پور کے بزرگ شہری پیر امتیاز حیدر شاہ نے سوا سال کی انتھک محنت کے بعد قرآن پاک کا دنیا کا سب سے بڑا قلمی نسخہ تیار کر لیا ہے۔
اس نادر مترجم قرآن پاک کی لمبائی 41 فٹ، چوڑائی تقریباً ساڑھے 8 فٹ ہے۔ یہ 31 صفحات اور دو جلدوں پر مشتمل ہے۔
کلام اللہ کے اس قلمی نسخے کی لکھائی میں چار رنگوں کا استعمال کیا گیا ہے۔ آیات سیاہ رنگ سے لکھی گئی ہیں۔ ترجمہ سرخ رنگ، رموز اور اوقاف کی لکھائی سبز رنگ جب کہ حاشیہ نگاری میں نیلے رنگ کا استعمال کیا گیا ہے۔
اس قرآن پاک کی خانپور کے مختلف اسکولوں اور کالجز میں دو روزہ نمائش کی گئی۔ کلام اللہ کے قلمی نسخے کی زیارت کرنے کے لیے اسکول وکالجز کے طلبہ وطالبات، اساتذہ، اہل خانہ اور شہری بڑی تعداد میں پہنچے اور زیارت کا شرف حاصل کیا۔
قرآن پاک کا یہ نادر قلمی نسخہ تیار کرنے والے پیر امتیاز حیدر شاہ نے بتایا کہ انہوں نے 425 دنوں کی انتھک محنت سے اپنے ہاتھوں سے یہ قرآن پاک تحریر کرنے کی سعادت حاصل کی ہے۔ اس کو لکھنے کا آغاز 13 رجب میں شروع کیا گیا اور سوا سال بعد رمضان کی 27 ویں شب کو اسے مکمل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں اس نسخے کی نمائش ہوتی ہے۔ دنیا کے سب سے بڑے قلمی قرآن پاک کے نسخہ کی نمائشی زیارات کا مقصد نوجوانوں میں قرآن پاک کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
رپورٹ: فیاض بلوچ