لبنان میں مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے ایک اعلیٰ عہدے دار کو گھر کے باہر قاتلانہ حملے میں شہید کر دیا گیا۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لبنانی سکیورٹی فورسز سے منسلک ذرائع نے بتایا کہ حزب اللہ کے سینئر کمانڈر شیخ محمد حمادی کو شام کی سرحد کے قریب مغربی بیقا ضلع میں نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر شہید کیا۔
ذرائع کے مطابق دو گاڑیوں میں سوار نامعلوم مسلح افراد نے شیخ محمد حمادی پر اُس وقت فائرنگ کی جب وہ اپنے گھر کے باہر کھڑے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: لبنان میں حزب اللہ کے اہداف پر اسرائیل کی بمباری
ملزمان نے ان کو کئی گولیاں ماریں۔ حملے کے فوراً بعد ان کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
لبنانی فوج نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لیا اور موبائل چوکیاں قائم کر دیں۔ سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کی گرفتاری کیلیے وسیع پیمانے پر آپریشن کا آغاز کر دیا۔
ادھر، سکیورٹی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود اسرائیل نے فضائی حملہ کیا۔
یاد رہے اسرائیل تقریباً 14 ماہ کی لڑائی میں بھاری نقصان اٹھانے اور لبنان پر جارحیت میں اپنے مقاصد میں ناکامی پر حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ کیا تھا۔
معاہدے کے تحت امریکا کی سربراہی میں ایک بین الاقوامی مانیٹرنگ کمیٹی کو جنگ بندی پر عمل درآمد کی نگرانی کا کام سونپا گیا ہے۔