کولکتہ: بھارت کی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے پر لب کشائی کردی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جارح مزاج بیٹر سوریا کمار یادیو نے تسلیم کیا ہے کہ ون ڈے میں ان کی کارکردگی مایوس کن رہی جس کی وجہ سے انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ سوچ کر تکلیف ہوتی ہے کہ میں نے اچھا نہیں کیا اگر میں اچھا پرفارم کرتا تو چیمپئنز ٹرافی کے لیے منتخب کی گئی ٹیم میں ہوتا۔
انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے منتخب کیے گئے کھلاڑیوں کی حمایت کی اور کہا کہ اسکواڈ بہت اچھا ہے جو بھی کھلاڑی ٹیم میں شامل ہیں سب اچھے پرفارمر ہیں، انہوں نے بھارت کے لیے اس فارمیٹ میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے۔
سوریا کمار یادیو ٹی 20 کرکٹ میں جارح مزاج بیٹنگ کے لیے مشہور ہیں لیکن ون ڈے فارمیٹ میں صرف 25.76 کی اوسط سے 37 ون ڈے میچوں میں صرف 773 رنز بناسکے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت کا 15 رکنی اسکواڈ
بھارتی ٹیم میں روہت شرما کپتان ہیں، شبھمن گل نائب کپتان، دیگر کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی، شریاس ایئر، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ، محمد شامی، ارشدیپ سنگھ، یشسوی جیسوال، رشبھ پنت اور رویندرا جڈیجا شامل ہیں۔
بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں اپنا پہلا میچ 20 فروری کو بنگلا دیش کے خلاف دبئی میں کھیلے گی۔