اسلام آباد: بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے میری اور وکلا کی ملاقات ہوئی ہے، انھوں نے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا ’’جوڈیشل کمیشن کے لیے حکومت کو 7 دن دیے تھے، ہم نے کہا تھا کہ اگر حکومت نے کمیشن کا اعلان نہ کیا تو مذاکرات کا اگلا دور نہیں ہوگا۔‘‘
انھوں نے کہا ’’سیاسی اختلافات کی ٹھنڈک اتنی زیادہ ہے کہ برف پگھل نہیں رہی، افسوس ہے حکومت کی طرف سے آج تک کوئی اعلان نہیں کیا گیا، بانی نے کہا آج کی تاریخ تک حکومت نے کمیشن بنانے کا اعلان نہیں کیا تو کوئی بات نہیں ہوگی۔‘‘
حکومتی کمیٹی پی ٹی آئی کو 28 جنوری کو تحریری جواب دے گی، عرفان صدیقی
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ کمیشن کا اعلان نہ ہونے کی صورت میں کہا گیا تھا کہ آج سے مذاکرات ختم ہو جائیں گے۔ تاہم پی ٹی آئی چیئرمین کے بیان سے ایسا لگتا ہے کہ مذاکرات کا دروازہ ابھی بھی کھلا ہوا ہے، کیوں کہ انھوں نے کہا ’’3 ججز پر مشتمل کمیشن بننے کی صورت میں مذاکرات کیے جا سکتے ہیں۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ’’ہم آئین و قانون کے تحت کوشش جاری رکھیں گے، 3 ججز پر مشتمل کمیشن بننے کی صورت میں مذاکرات کیے جا سکتے ہیں۔‘‘
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا ’’بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر اپوزیشن جماعتوں سے مل کر جدوجہد کریں گے۔‘‘