بھارتی ریاست مہاراشٹر کے وزیر نتیش رانے نے بالی وڈ اداکار سیف علی خان پر ہونے والے چاقو حملے کو مشکوک بنانا شروع کر دیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پونے میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران نتیش رانے نے کہا کہ جب میں نے سیف علی خان کو اسپتال سے ڈسچارج ہوتے دیکھا تو مجھے شک ہوا کہ کیا سچ میں انہیں چاقو مارا گیا یا وہ صرف اداکاری کر رہے ہیں‘۔
یہ بھی پڑھیں: سیف علی خان کو چاقو حملے کے بعد ایک اور بڑی مشکل کا سامنا
انہوں نے حزب اختلاف کے رہنماؤں پر الزام عائد کیا کہ وہ کسی اداکار پر تب ہی تشویش کا اظہار کرتے ہیں جب بالی وڈ کا کوئی ’خان‘مشکل میں ہوتا ہے۔
بھارتی وزیر نے سوال اٹھایا کہ این سی پی رہنما جتیندر اوہاد یا بارامتی ایم پی سپریا سولے آنجہانی بالی وڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی حمایت میں کیوں نہیں آئے تھے؟
’سپریا سولے سیف علی خان، شاہ رخ خان کے بیٹے آریان اور این سی پی رہنما نواب ملک کے بارے میں فکر مند ہیں، لیکن کیا انہوں نے کبھی کسی ہندو فنکار کے بارے میں فک کی ہے؟
سیف علی خان 16 جنوری کو گھر کے اندر چاقو حملے میں زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد ایک رکشہ ڈرائیور نے انہیں اسپتال منتقل کیا تھا جہاں وہ 5 دن زیرِ علاج رہنے کے بعد ڈسچارج ہوئے۔
بالی وڈ اداکار پر حملہ کرنے والے ملزم کی شناخت شریف الاسلام کے نام سے ہوئی جس کا تعلق بنگلا دیش سے بتایا جا رہا ہے۔ پولیس نے ملزم کو تھانے کے علاقے سے گرفتار کیا۔
اس سے قبل نتیش رانے نے کہا تھا کہ پہلے بنگلہ دیشی ممبئی کی بندرگاہ پر ٹھہرتے تھے لیکن اب وہ گھروں میں بھی داخل ہونے لگے ہیں، شاید وہ اسے لے جانے آئے تھے۔