کراچی: شہر قائد کے علاقے نارتھ کراچی اجمیرنگری کے قریب اسکول کے باہر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ٹیچر کو قتل کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اسکول ٹیچر کے چہرے پر گولی ماری، جس کے نتیجے میں ٹیچر نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹیچرخان مائل کی لاش کوضابطے کی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ایس ایچ او خواجہ اجمیر نگری کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر قتل کا واقعہ ذاتی دشمنی معلوم ہوتا ہے، جاں بحق ٹیچر کا تعلق وزیرستان سے تھا۔
ایس ایچ او خواجہ اجمیر نگری کے مطابق عینی شاہد نے بتایا ہے کہ 2 ملزمان اسکول کے باہر پہلے سے موجود تھے، ٹیچر جیسے ہی آیا ایک ملزم نے اشارہ کیا اور فائرنگ کردی، قتل کے واقعے میں 9 ایم ایم پستول کا استعمال کیا گیا ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔
قبل ازیں کراچی کے علاقے بلدیہ سیکٹر 12 ای کی رہائشی خاتون کو شوہر نے دو کمسن بچوں کے سامنے گلا دبا کر قتل کردیا تھا۔
سفاک ملزم نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد سسر کو فون کرکے کہا کہ تمہاری بیٹی کو مار دیا ہے گھر سے لاش اٹھا لو۔
شوہر نے 22 سالہ صبا کو بچوں کے سامنے تشدد کا نشانہ بنایا، بچے اس دوران روتے رہے لیکن ملزم کو رحم نہ آیا، باپ فرار ہوا تو بچے ماں کی لاش سے لپٹ کر روتے رہے۔
سسر نے کا کہنا ہے کہ داماد پہلے بھی لڑائی کرتا تھا اب ہمیں اس نے فون کرکے بولا کہ بیٹی کی لاش پڑی ہے گھر سے جاکر اٹھا لو۔
انہوں نے بتایا کہ صبح 5 بجے آیا تو دیکھا کہ بچی کی لاش پڑی تھی۔
مقتولہ صبا نے تین برس قبل عرفان سے پسند کی شادی کی تھی بعد میں معلوم ہوا کہ عرفان نشے کا عادی ہے۔
صبا کی والدہ نے بتایا کہ داماد شراب کے نشے کا عادی تھا روز بیٹی کو تاروں سے مارتا تھا میں کہتی تھی کہ ہمارے پاس رک جاؤ لیکن وہ بار بار فون کرکے اس کو بلاتا تھا۔
اسکول سے گھر جاتے ماں اور بچوں سے ڈاکوؤں کی لوٹ مار، ویڈیو سامنے آگئی
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عرفان کا آبائی تعلق صادق آباد سے ہے جس کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں، پوسٹ مارٹم ہونے کے بعد قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔