پنجاب حکومت نے صوبے کے عوام کو نگہبان رمضان پیکیج دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے تاہم اس کے لیے ایک کام ضروری قرار دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبے کے لاکھوں خاندانوں کو نگہبان رمضان پیکیج دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں نگہبان رمضان پیکج کے حوالے سے مختلف تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا جب کہ وزیر اعلیٰ نے پیکیج میں شفافیت کے لیے ضروری اقدامات کا حکم دیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نگہبان رمضان پیکیج نادار لوگوں کا حق اور حکومت کا فرض ہے۔ اس پیکیج سے مستفید ہونے کے لیے عوام کا لمبی قطاروں میں لگنا قطعی پسند نہیں۔ انہیں عزت اور احترام کے ساتھ ان کا حق ملنا چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ نگہبان رمضان پیکیج کے لیے شہریوں کی رجسٹریشن کی جائے اور اس عمل کو 15 فروری تک مکمل کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ کی رضا کیلیے عوام کی خدمت کی جائے۔ انتظامیہ اور متعلقہ حکام فرض نہیں بلکہ عبادت سمجھ کر اپنی خدمات سر انجام دیں۔
اس سے قبل اجلاس میں متعلقہ افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نگہبان رمضان پیکیج کے لیے پی ایس ای آر میں رجسٹریشن ضروری ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ رجسٹریشن کے لیے گھر بیٹھے آن لائن پورٹل pser.punjab.gov.pk پر بھی اپلائی کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یونین کونسل اور بلدیہ دفاتر میں بھی رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے جب کہ نگہبان رمضان پیکج کیلیے ہیلپ لائن 080002345 بھی قائم کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے گزشتہ سال بھی 30 ارب روپے مالیت کا نگہبان رمضان پیکیج کا اعلان کیا تھا۔