رواں مالی سال کی پہلی ششماہی جولائی تا دسمبر 2024 کے دوران سب سے زیادہ ترقیاتی فنڈز کس کو ملے اس حوالے سے دستاویز سامنے آئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کو رواں مالی سال کی پہلی ششماہی جولائی تا دسمبر 2024 کے دوران ترقیاتی فنڈز سے متعلق دستاویزات موصول ہوئی ہیں۔ ان دستاویز کے مطابق اس مدت کے دوران سب سے زیادہ ترقیافی فنڈز اراکین پارلیمنٹ کو ملے ہیں۔
دستاویز کے مطابق اراکین پارلیمنٹ کے لیے جولائی تا دسمبر 48 راب روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی اور کابینہ ڈویژن نے مختلف اسکیموں کے لیے 17.7 ارب روپے خرچ کیے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے لیے 1100 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ میں سے پہلی ششماہی میں 376 ارب روپے کی منظوری دی گئی تاہم ان میں سے صرف 148 ارب روپے ہی خرچ ہو سکے۔
وفاقی وزارتوں کیلیے 286 ارب ترقیاتی منصوبوں کیلیے منظور ہوئے تاہم جولائی تا دسمبر صرف 89 ارب روپے خرچ کیے گئے۔
دستاویز کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ترقیاتی منصوبوں پر 53 ارب سے زائد، وزارت آبی وسائل کے ترقیاتی منصوبوں پر 59 ارب سے زائد اور ریلوے ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں پر 12.2 ارب سے زائد خرچ ہوئے۔
اس کے علاوہ ایچ ای سی کےترقیاتی منصوبوں پر 21.3 ارب اور وزارت ہاؤسنگ وتعمیرات کے ترقیاتی منصوبوں پر 8.5 ارب سے زائد خرچ ہوئے۔