کراچی : کراچی کے تاجر رہنما عتیق میر نے یوٹرن لیتے ہوئے کہا مریم نواز اور مرادعلی شاہ سے متعلق بیان مذاق تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے تاجر رہنما عتیق میر نے مریم ہمیں دے دیں کے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز اور مرادعلی شاہ سے متعلق بیان مذاق تھا۔
تاجر رہنما کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے پنجاب میں کون سے ایسے جھنڈے گاڑ دیے جو ہم انہیں مانگیں گے۔
دوسری جانب سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے ردعمل دیتے ہوئے کہا عتیق میر نے یوٹرن لے لیا، پاکستان میں لوگوں کو یوٹرن لینے کی عادت پڑگئی ہے اور مخصوص تاجر ٹولہ سندھ کے مینڈیٹ کی توہین کررہا ہے۔
سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صحت کے شعبے کا حال سب کے سامنے ہے، مریم نواز چاہیں تو سندھ آکر سیکھ سکتی ہیں۔
خیال رہے وفاقی وزیراحسن اقبال کراچی آئے توتاجروں کےساتھ بیٹھک لگائی، جس میں تاجروں نے اپنے اپنے مسائل بتائے۔۔ شہر قائد کے دُکھڑے سنائے۔
تاجر رہنما عتیق میر نے احسن اقبال سے مکالمے میں کہا کہ مریم نواز سندھ کو دے دیں۔۔ مراد علی شاہ آپ لے لیں، جس کے بعد ایک نیا محاذ کھل گیا۔