جھینگا مچھلی کے شکار اور فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے یہ پابندی 6 ماہ کے لیے لگائی گئی ہے جو یکم فروری سے 31 جولائی تک ہوگی۔
جھینگا مچھلی کے شکار پر پابندی عائد کر دی گئی ہے یہ پابندی سپریم کونسل برائے ماحولیات کے میرین ویلتھ ڈائریکٹوریٹ نے بحرین میں لگائی ہے۔
بحرین کی ایک نیوز ایجنسی کے مطابق سپریم کونسل برائے ماحولیات (SCE) کے میرین ویلتھ ڈائریکٹوریٹ نے بحرین کے علاقائی پانیوں میں جھینگا مچھلی پکڑنے، تجارت کرنے اور فروخت کرنے پر 6 ماہ کی پابندی کا اعلان کیا ہے، جو یکم فروری سے 31 جولائی تک نافذ العمل ہوگی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس پابندی کا مقصد جھینگا مچھلیوں کے ذخیرے کو محفوظ رکھنا اور بحرین کے سمندری وسائل کی حفاظت کرنا ہے۔
میرین ویلتھ ڈائریکٹوریٹ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس پابندی کا اطلاق متعین علاقوں میں جھینگا مچھلی پکڑنے کے تمام طریقوں پر ہوگا، اور ذخیرے کو محفوظ رکھنے کے لیے اس مدت کے دوران مارکیٹوں میں جھینگے کی تجارت پر بھی پابندی ہوگی۔
پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے کوسٹ گارڈ کے ساتھ مل کر معائنہ کی مہمیں جاری رہیں گی اور اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
ڈائریکٹوریٹ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پابندی کے دوران حادثاتی طور پر پکڑے جانے والے کیکڑے کو مناسب دیکھ بھال کے ساتھ واپس سمندر میں چھوڑا جائے تاکہ ان کی بقا کو یقینی بنایا جا سکے۔