ہر سال موسم سرما کے آغاز سے ہی عام لوگوں کی طرح شوبز سے منسلک افراد بھی بال گرنے کے مسئلے سے پریشان دکھائی دیتے ہیں۔
موسم سرما جہاں اپنے ساتھ نزلہ زکام جیسی بیماریاں لاتا ہے وہیں سردیوں میں سر کے بالوں کا گرنا بھی ایک اہم مسئلہ تصور کیا جاتا ہے۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں معروف حکیم شاہ نذیر نے دیکھنے والوں کو بالوں کی حفاظت پر دھیان دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ نہانے یا سر میں تیل لگانے کے بعد کنگھی کرنے سے اکثر بال ہمارے ہاتھوں میں آجاتے ہیں، جسے دیکھ کر یقیناً ہر انسان افسردہ اور تشویش میں مبتلا ہوجاتا ہے۔
بالوں کا گرنا ’ایلوپیشا‘ نامی بیماری کے نام سے جانا جاتا ہے، یہ کھوپڑی پر یا جسم کے کسی اور حصے میں ہوسکتا ہے، بالوں کا گرنا مردوں اور عورتوں دونوں میں عام ہے اور یہ ایک قابل علاج مسئلہ ہے، کئی وجوہات بالوں کے گرنے کا سبب بن سکتی ہیں۔
اس موقع پر حکیم شاہ نذیر نے گرنے والے بالوں کی نشونما کیلیے ایک نسخہ بیان کیا جس کا بنانا بھی آسان اور اس کے استعمال کا طریقہ بھی بہت آسان اور سادہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کسی بھی پنساری کی دکان سے آدھا پاؤ 12 بیجوں کا تیل جسے روغن بارہ تخم بھی کہتے ہیں، وہ لینا ہے۔ اس کے ساتھ تِل کا تیل بھی آدھا پاؤ، اور مہندی کے بیجوں کا تیل 30 گرام کے علاوہ لیں۔
اسکے علاوہ ایک لکڑی کا نام پکھان بید ہے اس کا تیل بھی 30گرام اور ساتھ ہی روغن زلف دراز بھی 30 گرام لیں۔ بال چھڑ کے ایک بیج کا ٹکڑا بھی لیں۔
اس کے علاوہ اشنا بوٹی یا پتھر کا پھول یاک چمچ لیں اور اب ان تمام اشیاء کو مکس کرکے رکھ لیں۔ یہ تیل ہفتے میں 3 مرتبہ لگائیں اور بعد میں کسی اچھے صابن یا شیمپو سے بال دھولیں۔