اسلام آباد : سابق وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کوئی ایسا تاثر نہیں دیں گے، جس سے وہ نوازشریف بن جائیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر فواد چوہدری نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی جو ملاقاتیں ہوئی ہیں ان کی تصدیق بھی ہوچکی ہے، بانی پی ٹی آئی بیانیے سے پیچھےنہیں ہٹ رہے، اس لیے بات چیت ناکام ہے۔
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ اس میں شک نہیں کہ بانی پی ٹی آئی مقبول لیڈرہیں، بانی پی ٹی آئی کوئی ایسا تاثر نہیں دیں گے، جس سے وہ نوازشریف بن جائیں۔
سیاسی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے بیرون ملک نہیں جانا، کوئی ڈیل نہیں کرنی، بانی پی ٹی آئی آؤٹ آف سلیبس آگئے ہیں، اب وہ پیچھے ہٹنے کو بھی تیار نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو بھی خوف ہے کہ عمران خان باہر آگئے تو ہمارے ساتھ کیا ہوگا، الیکشن کےعلاوہ دوسراکوئی راستہ نہیں ہے، آخر میں الیکشن ہی ہونے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ یہ واحد حل ہے کہ بانی پی ٹی آئی سےالیکشن کی تاریخ پراتفاق کرلیا جائے، اس میں کوئی دورائے نہیں کہ بات چیت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔
شہباز شریف سے متعلق سوال پر سابق وزیر نے کہا کہ شہباز شریف کے پاس بات چیت کی اسپیس نہیں ہے، حکومت پہلے اسٹیبلشمنٹ سے تو بات کرے پھر پی ٹی آئی سے بات کرے، حکومت کو پوچھنا چاہیے کہ ان کی اسپیس کیا ہے، حکومت بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہی نہیں کراسکتی تو فیصلہ بانی نے ہی کرنا ہے۔