ویڈیو رپورٹ: امتیاز علی چنہ
حیدر آباد شہر سے ایک گھنٹے کی مسافت پر مٹیاری کے تاریخی شہر اوڈیرولال میں واقع قلعہ نما عمارت مذہبی رواداری کی بہترین مثال سمجھی جاتی ہے۔
یہاں ایک چاردیواری کے اندر تاریخی مسجد اور مندر دونوں موجود ہیں۔ یہاں مسلمان اور ہندو اپنی اپنی عبادت گاہوں میں عبادت میں مصروف نظر آتے ہیں۔
اسی چار دیواری میں بزرگ ہستی شیخ محمد طاہر المعروف اوڈیرولال بھی مدفون ہیں، جن سے ہندو اور مسلمان دونوں ہی عقیدت رکھتے ہیں۔ اس مزار کے فن تعمیر کا تعلق مغل دور سے ہے، درگاہ کی سیاہ گنبد اور قلعہ نما اونچی دیواریں مغلیہ دور کی یاد دلاتی ہیں۔
اس درگاہ میں ایک درخت اور پرانا کنواں بھی ہے جس سے یہاں کے لوگ بہت عقیدت رکھتے ہیں۔