حماس کی جانب سے جنوبی اور شمالی غزہ میں دو الگ الگ مقامات سے 3 اسرائیلی قیدیوں کیتھ سیگل، اوفر کلڈرون اور یارڈن بیبس کو رہا کر دیا گیا۔ جس کے بعد فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا عمل بھی جاری ہے۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی قیدیوں کی سوسائٹی نے بتایا کہ غزہ میں قید قیدیوں کے چوتھے تبادلے میں 183 فلسطینی قیدیوں کو اسرائیلی جیلوں سے رہا کرنے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق بیرون ملک علاج کی ضرورت رکھنے والے 50 فلسطینیوں کو مصر کے ساتھ دوبارہ کھولے گئے رفح کراسنگ کے ذریعے غزہ چھوڑنے کی اجازت دی گئی ہے۔
جبکہ اسرائیلی افواج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک بڑی فوجی کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، جس میں جنین اور تلکریم پناہ گزین کیمپوں کے ساتھ ساتھ دیگر فلسطینی برادریوں کو بھی نشانہ جارہا ہے اور گزشتہ ہفتے سے اب تک دو درجن سے زائد افراد کو شہید کیا جاچکا ہے۔
دوسرے مرحلے کے مذاکرات کا آغاز پیر کے روز ہوگا، جس میں باقی یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ کے مستقل خاتمے پر غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی فوج کی جانب سے بربریت کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اسرائیلی فوج نے فلسطین میں مغربی کنارے کے شہر ہربون میں شادی کی تقریب کے دوران دولہا کو حراست میں لے لیا۔
رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر اسرائیلی فوج کی شادی کی تقریب میں چھاپے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قابض فوج نے تقریب کے دوران دولہا کو گرفتار کرلیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک مقامی ہال میں شادی کی تقریب جاری ہے، جس میں بڑی تعداد میں مہمان بھی موجود ہیں، اس دوران اسرائیلی فوج اچانک ہال میں داخل ہوتی ہے اور دولہا کو زبردستی اپنے ساتھ لے جاتی ہے۔