کراچی میں تیز رفتار بسوں اور ٹریلر سے حادثے کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں ٹریلر نے ماں اور بیٹے کو کچل دیا، حادثے میں بچہ جاں بحق جبکہ ماں شدید زخمی ہوگئی جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ جاں بحق بچے کی شناخت 6 سال کے سبحان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ حادثے کے بعد ٹریلر ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں تیز رفتار بس کی ٹکر سے بچہ جاں بحق ہوگیا۔
متوفیہ 12 سالہ عبدالمجید کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، حادثے کے بعد ڈرائیور بس سمیت فرار ہوگیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جنوری 2025 میں کراچی میں مختلف ٹریفک حادثات میں 8 جواتین 2 بچیاں اور 2 بچوں سمیت 63 افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ 78 خواتین سمیت 500 سے زاید افراد زخمی ہوئے۔
غلط سمت میں ڈرائیونگ، ٹریفک رولز کی پابندی نہ ہونا بھی ٹریفک جام یا حادثوں کی بڑی وجوہ میں سے ہیں۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثوں کے دوران مرنے والوں میں زیادہ تعداد موٹر سائیکل سواروں کی رپورٹ ہوئی ہے۔