دہشتگرد اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں شہر جینن کے پناہ گزین کیمپ پر بڑا فضائی حملہ کر کے متعدد گھروں کو تباہ کر دیا۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فضائی حملہ اس قدر بڑا تھا کہ علاوہ لرز اٹھا۔ حملے میں کم از کم 20 گھروں کو تباہ کیا گیا جبکہ فلسطینیوں کی شہادتوں کا بھی خدشہ ہے۔
اسرائیل گزشتہ دو ہفتوں سے مقبوضہ مغربی کنارے پر حملے کر رہا ہے جبکہ شہر جینن میں صہیونی فوج نے سب سے زیادہ چھاپے مارے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی فوج نے شادی کی تقریب پر دھاوا بول دیا، دولہا گرفتار
اسرائیلی فوج نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ اس نے 20 گھروں پر مشتمل ایک رہائشی عمارت کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔ اس نے دعویٰ کیا کہ یہ عمارت ’دہشتگردی‘ کیلیے استعمال کی جا رہی تھی۔
قابض فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں متعدد سڑکوں پر رکاوٹیں اور چوکیاں قائم کر رکھی ہیں اور وہاں کم از کم 27 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
شہید ہونے والوں میں بہت سے عام شہری ہیں جن میں دو سالہ بچی بھی شامل ہے جسے خاندان کے ساتھ گھر میں کھانا کھاتے وقت سر میں گولی ماری گئی۔ علاوہ ازیں، 73 سالہ بوڑھے شخص کو آج صبح گولی مار کر شہید کیا گیا۔