مڈل کلاس خواتین اور ان کے خاندانوں کی انوکھی کہانی پر مبنی نیٹ فلکس کی نئی ویب سیریز ’ڈبہ کارٹیل‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا۔
ایکسل انٹرٹینمنٹ کی جانب سے پیش کردہ اور ہتیش بھاٹیہ کی ہدایت کاری میں بننے والی اس سیریز کو فلمساز فرحان اختر اور شیبانی ڈانڈیکر نے تیار کیا ہے، ڈبہ کارٹیل ایک دلچسپ ڈرامے پر مبنی کہانی ہے۔
اس سیریز کی کہانی مہاراشٹر کے ضلع تھانے کی 5 مڈل کلاس خواتین کے گرد گھومتی ہے جو ٹفن ڈلیوری سروس کے ذریعے منشیات کا کاروبار شروع کرتی ہیں۔
اس سیریز میں شبانہ اعظمی، جیوتیکا، فرحان اختر، نمیشا سجین، انجلی آنند، گجراج راؤ، سائی تمہنکر، للت دوبے اور جشو سینگپتا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
31 جنوری کو جاری کردہ ٹیزر میں دکھایا گیا کہ ٹفن سروس فراہم کرنے والی عام خواتین کی زندگی اس وقت بدل جاتی ہے جب وہ منشیات کے کارٹیل میں ملوث ہو جاتی ہیں، ٹیزر کے آخر میں جیوتیکا، شبانہ سے کہتی ہیں، ’تو یہ ہے تمہارا نارکوس تھانے؟‘
شیبانی ڈانڈیکر نے سیریز کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب آپ کو ایک چھوٹا سا خیال آتا ہے اور آپ مصنفین کے ساتھ بیٹھتے ہیں اور ایکسل انٹرٹینمنٹ، نیٹ فلکس، اور ہتیش بھاٹیہ کے ساتھ کام کرتے ہیں تو وہ خیال ایک بڑے پروجیکٹ میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
فرحان اختر نے اس سیریز سے متعلق کہا کہ یہ ایک دلچسپ شو ہے اور کافی خاص بھی کیونکہ اس شو کی خالق شیبانی ہیں، یہی وجہ ہے کہ اس سیریز کو میرے دل میں ایک خاص جگہ حاصل ہے۔
واضح رہے کہ ڈبہ کارٹیل رواں ماہ 28 فروری کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگی۔